دریائے چناب کے سیلابی ریلے سے مظفرگڑھ ڈوب گیا، ہزاروں افراد بے گھر 

دریائے چناب کے سیلابی ریلے سے مظفرگڑھ ڈوب گیا، ہزاروں افراد بے گھر 
کیپشن: دریائے چناب کے سیلابی ریلے سے مظفرگڑھ ڈوب گیا، ہزاروں افراد بے گھر 

ویب ڈیسک: مظفرگڑھ سمیت جنوبی پنجاب کے کئی علاقے شدید سیلاب کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے ہیں جبکہ مقامی آبادی بڑی تعداد میں اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔

متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں نے بتایا کہ اچانک پانی کے ریلے آنے سے کھڑی فصلیں، مویشی اور گھریلو سامان شدید نقصان کی زد میں آیا ہے۔

پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ دیہات میں رنگپور، دوآبہ، سنکی، خان گڑھ، وہیلاں والی، بنڈہ اسحاق اور عظمت پور شامل ہیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے ریسکیو کی 32 اور پولیس کی 8 کشتیاں مسلسل سرگرم ہیں، جبکہ آرمی، وائلڈ لائف اور مقامی افراد کی پرائیویٹ کشتیاں بھی متاثرین کی مدد میں شریک ہیں۔

اوکاڑہ میں ضلعی انتظامیہ نے دریائے راوی اور ستلج میں پانی کی بلند سطح کے پیشِ نظر 32 دیہات میں قائم سرکاری و نجی اسکولوں کی تعطیلات 8 سے 14 ستمبر تک بڑھا دی ہیں تاکہ مقامی آبادی اور طلبہ محفوظ رہ سکیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سلیمانکی کے مقام پر بھی اونچے درجے کا ریلا موجود ہے۔ دریائے چناب میں خانکی ہیڈ ورکس پر نچلے درجے اور دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی اطلاعات ہیں۔ ہیڈ سدھنائی کے مقام پر بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 9 ستمبر تک دریاؤں میں مزید سیلابی ریلے آنے کا خدشہ ہے کیونکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام نے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

Watch Live Public News