ویب ڈیسک: پاکستان ہاؤس تہران میں یومِ دفاع کی تقریب ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ایرانی بریگیڈیئر جنرل سید حمزہ غلنداری تھے۔ تقریب میں سول و عسکری حکام اور سفارتی برادری نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطابق کرتے ہوئے پاکستانی سفیر عمران احمد صدیقی نے مسلح افواج کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کو درپیش ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ پاکستان اپنے قومی مفادات اور دریائے سندھ کے آبی وسائل کے حقوق کا تحفظ جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی میں معاشی مضبوطی، سماجی ترقی اور تکنیکی صلاحیت بھی شامل ہے۔ شہداء کو بہترین خراجِ عقیدت محفوظ، خوشحال اور پُراعتماد پاکستان کی تعمیر ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات میں رواں سال کے آغاز سے نئے باب کا آغاز ہوا۔
پاکستان کے یومِ دفاع پر ایرانی نائب وزیر دفاع نے پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران مشترکہ سرحد کو دوستی اور خوشحالی کی سرحد میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ایران پاکستان مشترکہ سرحد پر سلامتی کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر بریگیڈیئر ناصر عزیز خٹک نے کہا کہ 6 ستمبر قوم کے متحد ہو کر جارحیت ناکام بنانے کی تاریخ کا اہم دن ہے۔ یومِ دفاع پر بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کی مشکلات کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔
تہران میں پاکستان کی عسکری تاریخ پر خصوصی نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا۔ نمائش میں نشانِ حیدر پانے والے شہداء کے پورٹریٹ اور پاک فضائیہ کے طیاروں کے ماڈلز پیش کیے گئے۔ یومِ دفاع و شہداء کی تقریب میں کیک کاٹا گیا، مہمانوں کو روایتی پاکستانی کھانے پیش کیے گئے۔