ویب ڈیسک: تھائی لینڈ کے شمالی علاقے چیانگ مائی میں ایک ننھے ہاتھی کی معصوم شرارت سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جب وہ رات کے وقت کھیت سے گنے چرا کر کھا رہا تھا اور پکڑے جانے پر ایک بجلی کے کھمبے کے پیچھے چھپنے کی ناکام کوشش کی۔
مقامی افراد نے بتایا کہ ہاتھی کا بچہ کھیت میں داخل ہو کر چپکے سے گنا کھا رہا تھا، جب اچانک اسے قریب آنے والی گاڑی کی روشنی نظر آئی۔ خود کو بچانے کے لیے اس نے سڑک کنارے کھڑے ایک پتلے سے کھمبے کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی — حالانکہ اس کی جسامت کے سامنے وہ کھمبا تقریباً غائب تھا!
یہ مناظر کیمرے کی آنکھ میں قید ہو گئے اور جیسے ہی تصاویر سوشل میڈیا پر آئیں، صارفین نے اسے مزاح اور محبت سے بھرپور ردعمل دیا۔
ایک صارف نے لکھا:
"بچپن یاد آ گیا، جب غلطی کرنے کے بعد پردے کے پیچھے چھپ جاتے تھے!"
جبکہ دوسرے نے کہا:
"یہ ننھا ہاتھی شاید سمجھ رہا تھا کہ اگر وہ کسی کو نہیں دیکھ رہا تو کوئی اسے بھی نہیں دیکھ رہا!"
محکمہ جنگلات کے حکام کے مطابق یہ ہاتھی ممکنہ طور پر اپنے جھنڈ سے بچھڑ گیا تھا اور خوراک کی تلاش میں آبادی کے قریب آ نکلا۔ بعد ازاں، اسے بحفاظت واپس جنگل کی طرف بھیج دیا گیا۔
یہ واقعہ جہاں ایک معصوم لمحے کا عکس ہے، وہیں یہ ایک یاد دہانی بھی ہے کہ جنگلی حیات کے قدرتی ماحول کو محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔