ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمتوں کے طریقہ کار میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ اب تمام جاری اور مستقل بھرتیوں کے لیے انٹرنل اور دیگر ایجنسیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ لائیو اسٹاک، فشریز اور کوآپریٹو خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق، تمام نئی بھرتیاں اب ایٹا (ایجوکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوئیشن ایجنسی) کے ذریعے کی جائیں گی۔ مزید برآں، پہلے سے جاری بھرتیوں کو بھی ایٹا کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کسی بھرتی کو ایٹا کے بغیر مکمل کرنا ہو، تو اس کے لیے سیکریٹری سے خصوصی اجازت حاصل کرنا ضروری ہوگی۔
تمام سرکاری دفاتر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ملازمتوں کے اشتہارات، ٹیسٹ شیڈول اور نتائج کے حوالے سے ایٹا سے مکمل تعاون کریں اور سات دن کے اندر تفصیلی تعمیل رپورٹ پیش کریں۔