ہانیہ عامر نے ایک مرتبہ پھر اپنی شادی کی خبروں کو ہوا دیدی

ہانیہ عامر نے ایک مرتبہ پھر اپنی شادی کی خبروں کو ہوا دیدی
کیپشن: ہانیہ عامر نے ایک مرتبہ پھر اپنی شادی کی خبروں کو ہوا دیدی

ویب ڈیسک: نامور پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے نکاح سے متعلق ایک تبصرے نے ایک بار پھر ان کی شادی سے جڑی افواہوں کو ہوا دے دی ہے۔

اداکارہ کی شادی کے حوالے سے قیاس آرائیاں سوشل میڈیا پر اس وقت دوبارہ زیرِ بحث آ گئیں جب انہوں نے ایک مداح کے سوال پر دلچسپ جواب دیا، جس کے بعد صارفین حیران اور تذبذب کا شکار نظر آئے۔

پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی انسٹاگرام سیلیبریٹی ہانیہ عامر سوشل میڈیا پر خاصی متحرک رہتی ہیں اور اکثر مداحوں سے براہِ راست بات چیت کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ وہ اپنے بولڈ انداز اور بے باک بیانات کے باعث کئی بار خبروں کی زینت بھی بن چکی ہیں، تاہم کسی بھی موضوع پر خاموش رہنے کے بجائے عموماً کھل کر جواب دینا ان کا خاصہ ہے، جن میں ان کی شادی کا موضوع بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ گلوکار عاصم اظہر کی منگنی میرب علی کے ساتھ ختم ہونے کے بعد سے ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے دوبارہ ایک ہونے کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔ اگرچہ دونوں شخصیات نے ان خبروں کی باضابطہ تصدیق یا تردید نہیں کی، تاہم عاصم اظہر کے کنسرٹس میں ہانیہ کی موجودگی، انسٹاگرام پر ان کے گانوں کا استعمال اور عاصم کے گھر ہونے والی خاندانی تقریبات میں شرکت نے ان قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دی ہے۔

حال ہی میں عاصم اظہر کے گھر قوالی نائٹ میں ہانیہ عامر کی شرکت کے بعد شادی سے متعلق چہ مگوئیاں مزید تیز ہو گئیں، تاہم اداکارہ نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مزاحیہ انداز میں مداحوں کو جواب دینا مناسب سمجھا۔

سوشل میڈیا پر زیرِ گردش خبروں میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ہانیہ عامر اور عاصم اظہر رمضان کے دوران شادی کرنے والے ہیں۔ اسی تناظر میں ایک مداح نے سوال کیا کہ نکاح سحری کے بعد ہوگا یا افطار کے بعد؟

جس پر ہانیہ عامر نے مختصر مگر دلچسپ جواب دیتے ہوئے لکھا: ’’دوپہر، جمعہ‘‘۔

اداکارہ کے اس تبصرے کے بعد مداح ایک بار پھر اس الجھن میں مبتلا ہیں کہ آیا یہ محض ایک مذاق تھا یا واقعی انہوں نے اپنی شادی کا اشارہ دے دیا ہے۔

Watch Live Public News