ویب ڈیسک: ایران نے امریکی فضائی حملوں کے بعد سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا جواب مناسب وقت اور انداز میں دیا جائے گا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کو یہ سمجھنا ہوگا کہ دھمکیوں اور طاقت کے استعمال کے نتائج بھی بھگتنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران پر حملے کیے گئے تو اس کا جواب بھی ضرور دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی اور تزویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھانے کا حق رکھتا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز سے متعلق فیصلے بھی صرف ایران کی قومی پالیسی اور مفادات کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں گے۔
ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں سہولت فراہم کرنے والے ممالک بھی اس کے نتائج کی ذمہ داری سے نہیں بچ سکیں گے۔
امریکی حملوں کے بعد تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ خطے کی بدلتی صورتحال پر عالمی برادری کی نظریں مرکوز ہیں۔