(ویب ڈیسک )اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پاکستان سے لاکھوں افراد روزگار کے لیے بیرون ملک چلے گئے۔
اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران 7 لاکھ 27 ہزار سے زائد افراد روزگار کے لیے بیرون ملک گئے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ سعودی عرب میں 62 فیصد افراد روزگار کے لیے گئے،جن کی تعداد 4 لاکھ 52 ہزارہے، اومان میں 11 فیصد، یو اے ای میں 09 فیصد افراد روزگار کیلئے گئے۔
اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق بیرون ملک کام کیلئے جانے والوں کی تعداد سب سے زیادہ پنجاب سے ہے، جہاں سے1 سال کے دوران 4 لاکھ 4 ہزار 345 افراد بیرون ملک گئے۔خیبر پختونخوا سے بیرون ملک کام کیلئے جانے والے افراد کی تعداد 1 لاکھ 87 ہزار ہے ، سندھ سے 60 ہزار 424 افراد بیرون ملک کام کے لیے گئے جبکہ بلوچستان سے بیرون ملک جانے والے ورکرز کی تعداد 5 ہزار 668 ہے۔
رپورٹ کے مطابق 1 سال میں وفاقی دارالحکومت سے 8 ہزار 621 ورکرز بیرون ملک گئے، قبائلی علاقوں سے 29 ہزار 937 افراد بیرون ملک کام کے لیے گئے جبکہ آزاد کشمیر سے بیرون ملک جانے والی لیبر کی تعداد 29 ہزار 591 ہے۔ شمالی علاقہ جات سے بیرون ملک جانے والے افراد کی تعداد 1692 ہے۔
اقتصادی سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال ترسیلات زر 31.2 بلین امریکی ڈالرتک پہنچی۔