ویب ڈیسک: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بنگلا دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 413 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
دوسرے دن کا آغاز بنگلا دیش نے 4 وکٹ کے نقصان پر 301 رنز سے کیا، جب وکٹ پر مشفیق الرحیم 48 اور لٹن داس 8 رنز کے ساتھ موجود تھے۔ تاہم، لٹن داس زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکے اور 33 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے۔
محمد عباس نے اگلے اوور میں مہدی حسن میراز کو بھی 10 رنز پر آؤٹ کیا۔ تیج الاسلام نے 17 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد محمد عباس کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر بنگلا دیش کو اپنا 7 واں نقصان اٹھانا پڑا۔
کھانے کے وقفے تک بنگلا دیش نے 7 وکٹ پر 380 رنز اسکور کیے، مشفیق الرحیم 71 رنز کے ساتھ عبادت حسین کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
کھانے کے بعد مشفیق الرحیم شاہین آفریدی کی تیز گیند کا مقابلہ نہ کر سکے اور بغیر کسی اضافے کے آؤٹ ہوئے۔ عبادت حسین بغیر کوئی رن بنائے محمد عباس کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد تسکین احمد نے 28 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ناہید رانا صرف 4 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 5 وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، حسن علی اور نعمان علی نے ایک، ایک شکار کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، جو اس موقع پر کامیاب ثابت ہوا۔