اقوام متحدہ میں پاکستان کی ہتھیاروں کے کنٹرول اور جوہری سلامتی سے متعلق 4 قراردادیں منظور

اقوام متحدہ میں پاکستان کی ہتھیاروں کے کنٹرول اور جوہری سلامتی سے متعلق 4 قراردادیں منظور
کیپشن: اقوام متحدہ میں پاکستان کی ہتھیاروں کے کنٹرول اور جوہری سلامتی سے متعلق 4 قراردادیں منظور

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ نے پاکستان کی پیش کردہ ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیفِ اسلحہ اور جوہری سلامتی سے متعلق 4 اہم قراردادیں منظور کر لی ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے مطابق جنرل اسمبلی کی تخفیفِ اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی کی پہلی کمیٹی نے پاکستان کی پیش کردہ تمام قراردادوں کی منظوری دی، جن میں علاقائی تخفیفِ اسلحہ، اعتماد سازی کے اقدامات اور جوہری سلامتی کی یقین دہانیاں شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ کمیٹی نے دو قراردادیں — علاقائی تخفیفِ اسلحہ اور علاقائی و ذیلی علاقائی سطح پر اعتماد سازی کے اقدامات — متفقہ طور پر منظور کیں۔ جب کہ دیگر دو قراردادیں، یعنی غیر جوہری ریاستوں کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال یا اس کے خطرے سے بچانے کے لیے مؤثر بین الاقوامی انتظامات اور علاقائی و ذیلی علاقائی سطح پر روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول، بھاری اکثریت سے منظور ہوئیں۔

پاکستانی مشن کے مطابق اسلام آباد کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر جوہری تخفیفِ اسلحہ، علاقائی سلامتی، اور اعتماد سازی کے اقدامات کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ان قراردادوں کی منظوری اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ عالمی برادری تخفیفِ اسلحہ اور سلامتی کے لیے علاقائی نقطہ نظر کو اہمیت دیتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب بعض جوہری ریاستیں غیر جوہری ممالک کے خلاف طاقت کے استعمال یا دھمکیوں کا سہارا لے رہی ہیں۔

پاکستان کی جانب سے اعتماد سازی پر زور ایسے وقت میں آیا ہے جب حالیہ مہینوں میں بھارت کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کے واقعات پیش آئے۔ چند ماہ قبل چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے خبردار کیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری دشمنی مستقبل میں خطے میں مزید تناؤ کا باعث بن سکتی ہے۔

Watch Live Public News