ویب ڈیسک: ہانگ کانگ سکسز کرکٹ ٹورنامنٹ کے دلچسپ سیمی فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو ایک رن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
مقابلہ انتہائی سنسنی خیز رہا، جہاں آخری گیند تک نتیجہ غیر یقینی رہا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں 121 رنز اسکور کیے، جس میں خواجہ نافع نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 14 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔ انہیں ان کی دھواں دار اننگز پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
جواب میں آسٹریلوی ٹیم بھی بھرپور مزاحمت کرتی رہی لیکن مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز ہی بنا سکی، یوں پاکستان نے ایک رن سے کامیابی حاصل کی۔
بالنگ کے شعبے میں پاکستان کی جانب سے شاہد عزیز، عباس آفریدی اور محمد شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اس شاندار کامیابی کے ساتھ ٹیم نے ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ یقینی بنا لی ہے۔