ویب ڈیسک: امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا میں ایک خاتون کی مستقل مزاجی رنگ لے آئی ۔چھ سال تک ایک ہی لاٹری نمبر کھیلنے کے بعد انہوں نے بالآخر ’کیش 5‘ کے ٹکٹ پر 1 لاکھ 54 ہزار 168 ڈالر کا انعام جیت لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہوپ مِلز کی رہائشی باربرا منفرڈ گزشتہ چھ برس سے ایک ہی سیٹ نمبرز کے ساتھ لاٹری کھیل رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ دراصل ان کی بہن کے مشورے پر کیا گیا تھا۔
باربرا کے مطابق، “میری بہن نے کہا تھا انہی نمبروں پر کھیلتی رہو، ایک دن تم ضرور جیتو گی، اور وہ دن آخر آ ہی گیا۔”
پیر کے روز باربرا نے ’لکی اسٹاپ‘ نامی اسٹور سے ایک ڈالر کا ٹکٹ خریدا، جو جیک پاٹ کا حقدار ٹھہرا۔
انہوں نے بتایا کہ جب جیتنے والے نمبرز دیکھے تو وہ خوشی سے چیخ اٹھیں — “میں زور سے چلانے لگی، اوہ میرے خدا! یہ میں ہی ہوں، میں جیت گئی!”
باربرا کا کہنا تھا کہ وہ خوشی اور یقین نہ آنے کے احساس سے بے قابو ہو گئیں، “میں لاؤنج میں بیٹھی رو رہی تھی، سوچ رہی تھی کہ کیا واقعی میں جیت گئی ہوں۔”
انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی جیت کی رقم سے سب سے پہلے اپنے بلز ادا کریں گی، اور مسکراتے ہوئے کہا کہ “اب تو مجھے ’کیش 5‘ سے واقعی محبت ہو گئی ہے۔”