یوٹیوب نے ایک اور جدید اے آئی فیچر متعارف کرا دیا

یوٹیوب نے ایک اور جدید اے آئی فیچر متعارف کرا دیا

(ویب ڈیسک)اکثر ایسا ہوتا ہے کہ یوٹیوب استعمال کرتے وقت صارفین کو بار بار ایک ہی نوعیت کی ویڈیوز تجویز کی جاتی ہیں، جس سے دیکھنے کا تجربہ محدود محسوس ہو سکتا ہے۔

 تاہم اب یوٹیوب نے اس مسئلے کے حل کے لیے ایک نیا اے آئی فیچر متعارف کرایا ہے، جس کی مدد سے صارفین اپنی ہوم فیڈ کو اپنی دلچسپیوں کے مطابق مزید بہتر بنا سکیں گے۔

یوٹیوب کے مطابق " اے آئی کسٹمائز فیڈ" نامی یہ نیا فیچر صارفین کو یہ اختیار دے گا کہ وہ ایک سادہ پرامپٹ کے ذریعے اے آئی کو اپنی پسند اور دلچسپیوں کے بارے میں بتائیں۔ اس معلومات کی بنیاد پر یوٹیوب ایک ایسی ہوم فیڈ تیار کرے گا جو صارف کی پسندیدہ ویڈیوز اور موضوعات پر مشتمل ہوگی۔

فی الحال یہ فیچر امریکا میں متعارف کرایا گیا ہے، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے جلد دیگر ممالک میں بھی پیش کیا جائے گا۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو ہوم پیج پر موجود "Your Custom Feed" کے آپشن پر جانا ہوگا اور وہاں اپنی پسند کے موضوعات یا ویڈیوز کی اقسام درج کرنی ہوں گی۔ اس کے علاوہ یوٹیوب کی جانب سے دی گئی تجویز کردہ پرامپٹس کو استعمال کرکے بھی اپنی مرضی کی فیڈ بنائی جا سکتی ہے۔

یوٹیوب کے ترجمان کے مطابق یہ کسٹم فیڈز مخصوص موضوعات اور تھیمز پر مبنی ویڈیوز پر مشتمل ہوں گی، جبکہ اگر انہیں کچھ عرصے تک استعمال نہ کیا جائے تو یہ چند ہفتوں بعد خود بخود ختم ہو جائیں گی۔

یہ یوٹیوب کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا ایک اور اہم اے آئی فیچر ہے۔ اس سے پہلے بھی پلیٹ فارم متعدد اے آئی ٹولز پیش کر چکا ہے، جن میں حال ہی میں متعارف کرایا گیا "Ask YouTube" سرچ فیچر خاص طور پر نمایاں ہے۔

Watch Live Public News