(ویب ڈیسک ) عالمی فضائی انڈیکس میں لاہور آلودہ ترین شہروں میں سولہویں نمبر پر آگیا۔
وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر نومبر میں سموگ سیزن کی آمدسے قبل موثر پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں ۔وزیراعلی مریم نوازشریف کی گزشتہ برس کی کامیاب حکمت عملی کو مزید موثر بنانے اور فضائی آلودگی کے پھیلائو کے تمام زرائع کو روکنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں ۔
بھارت سے چلنے والی تیز ہوائوں کے رخ میں تبدیلی کے نتیجے میں لاہور، فیصل آباد، رحیم یار خان اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں فضائی آلودگی کے انڈیکس میں معمولی اتاچڑھائو جاری ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق اگلے ہفتے لاہور میں بارش سے فضائی آلودگی میں کمی کا امکان ہے،ہوا کی رفتار اور نمی بڑھنے سے آلودہ زرات فضا میں موجود رہتے ہیں جس سے فضائی انڈیکس میں تبدیلی آتی ہے۔
وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر اینٹی سموگ سیزن کی گزشتہ سال کی تمام ایس او پیز پر عمل درآمد مزید سخت کردیاگیا ۔
وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب کی انتظامیہ اور محکموں کو ہدایت جاری کیں کہ فصلوں کی باقیات کو جدید مشینری سے ٹھکانے لگانے اور آگ نہ لگانے کو یقینی بنائیں، پلاسٹک کو آگ لگانے اور پلاسٹک سے تیار کردہ مصنوعات سے انسانی زندگی کو لاحق خطرات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلی کی ہدایت پر بھٹہ خشت کی مانیٹرنگ اور زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ رکھنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں۔دھوئیں سے فضائی آلودگی کا باعث بننے والے ریستورانوں اور بار بی کیو آئوٹ لیٹس کی نگرانی اور معائینہ موثر بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہیں ۔
لاہور کے داخلی مقامات پر بڑی اور چھوٹی گاڑیوں کے معائینے اور سموک امیشن کی سخت پڑتا ل بھی جاری ہے،موٹر بائیکس کے دھوئیں کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے اور آلودگی پھیلانے پر کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیف سٹی کیمروں، تھرمل امیجنگ اور جدید آے آئی نظام کے تحت مانیٹرنگ بھی بڑھا دی گئی۔
وزیر اعلی مریم نواز کا کہنا ہے کہ سموگ کے تین مہینوں میں انتظامیہ اور محکموں کی کارروائیوں میں عوام بھرپور ساتھ دے کر کامیابی کی ایک نئی مثال بنائیں گے۔