(ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق ریسکیو کیے گئے عملے کو مزید طبی امداد اور بعد ازاں اپنے ممالک واپسی کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا۔تجارتی بحری جہاز ایم وی گولڈ آٹم سے موصول ہونے والے ہنگامی سگنل کے بعد 18 افراد پر مشتمل عملے کو بحفاظت ریسکیو کر لیاگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ریسکیو کیے گئے افراد میں چین، بنگلہ دیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا کے شہری شامل ہیں۔ہنگامی اطلاع موصول ہوتے ہی پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) کا میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر فعال کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہناہے کہ سمندری بحری حدود کی نگرانی پر مامور پی این ایس حنین کو فوری طور پر امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیا گیا۔ پاک بحریہ کی ماہرین پر مشتمل ٹیم نے تجارتی جہاز پر لگی آگ بجھانے میں معاونت اور عملے کو طبی امداد فراہم کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ریسکیو کیے گئے عملے کو مزید طبی امداد اور بعد ازاں اپنے ممالک واپسی کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاک بحریہ سمندر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مؤثر مدد کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہے۔