(ویب ڈیسک) ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری آمدورفت پر فیس اپنی قومی کرنسی ریال میں وصول کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ کے مطابق ایک پارلیمانی تجویز کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے والی جہاز رانی کی فیس ایرانی کرنسی ریال میں ادا کی جائے گی۔ یہ بات جمعہ کے روز ممبئی میں ایران کے قونصل خانے کی ایکس پوسٹ میں بتائی گئی۔
تجزیہ کاروں نے اس ہفتے الجزیرہ کو بتایا کہ ایران اور چین امریکی ڈالر کی عالمی بالادستی کو کمزور کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں اور مختلف طریقے تلاش کر رہے ہیں۔
ایرانی حکام کی جانب سے عملی طور پر نافذ کیے گئے اس نظام کے تحت، جو امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے دوران متعارف کروایا گیا، تجارتی جہازوں سے چینی کرنسی یوآن میں فیس وصول کی جا رہی تھی۔
اگرچہ یہ واضح نہیں ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے دوران کتنے جہازوں نے یوآن میں ادائیگی کی، لیکن رپورٹس کے مطابق 25 مارچ تک کم از کم دو جہازوں نے یوآن میں فیس ادا کی تھی۔