ویب ڈیسک: پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 21ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں ساتویں مرتبہ عالمی ٹیم ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر سب سے زیادہ ٹرافیاں جیت کر ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی برتری ثابت کردی۔ ٹیم ایونٹ میں پاکستان پہلی پوزیشن پر رہا، جبکہ انفرادی مقابلے میں آسٹریلیا کے دینتھ فرنینڈو عالمی چیمپئن بنے۔
انفرادی مقابلوں میں پاکستان کے 3 کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ احمد سلمان نے انڈر 16 جبکہ احد صولت فاطمی نے انڈر 14 کیٹیگری کا عالمی ٹائٹل جیت لیا۔
انڈر 12 کیٹیگری میں پاکستان کے مصطفیٰ فرحان نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ قومی ٹیم کے کم عمر ترین کھلاڑی تیمور وسیم نے انڈر 10 کیٹیگری میں عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔
تیمور وسیم نے گزشتہ برس بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈر 8 ورلڈ ٹائٹل جیتا تھا۔
21ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں 11 ممالک کے 183 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔