ویب ڈیسک: لاہور میں جاری مون سون بارشوں کے دوران فیصل ٹاؤن سنٹر فلیٹس کے علاقے میں ایک درخت اچانک زمین پر آ گرا، جو قریب کھڑی گاڑی پر جا گرا۔ درخت گرنے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ساتھ گزرنے والی بجلی کی تاریں بھی ٹوٹ گئیں، جس کے باعث علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق درخت مسلسل بارش اور زمین نرم ہونے کی وجہ سے جڑوں سے اکھڑ کر گرا۔ ریسکیو ادارے اور واپڈا کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور متاثرہ درخت کو ہٹانے اور بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیا۔
خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم رہائشیوں کو عارضی طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔