ویب ڈیسک: اداکارہ حمیرا اصغر کی فلیٹ سے لاش ملنے کے واقعے پر وزیرِ ثقافت و سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رابطہ کر لیا۔
ترجمان کے مطابق وزیرِ ثقافت و سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت کی ہے کہ ورثاء اگر لاش وصول یا تدفین نہیں کرتے تو محکمہ ثقافت حمیرا اصغر کا وارث ہو گا۔
اس معاملے پر وزیرِ ثقافت سندھ نے ڈائریکٹر جنرل کلچر کو فوکل پرسن مقرر کر دیا، جبکہ سیکریٹری ثقافت سندھ نے ڈی آئی جی ساؤتھ کو لاش کی حوالگی کے لیے خط لکھ دیا۔
وزیرِ ثقافت و سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ کا کہنا ہے کہ حمیرا اصغر کی موت کا واقعہ افسوسناک اور دل دہلانے والا ہے، ان کی تدفین سمیت تمام ذمے داری محکمۂ ثقافت کی ہو گی، ہماری کوشش ہے کہ اداکارہ کے والدین راضی ہوں اور ان کی لاش وصول کریں۔
واضح رہے کہ کراچی میں ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل فلیٹ سے اداکارہ کئی روز پرانی لاش ملی تھی، اداکارہ فلیٹ میں 7 سال سے رہ رہی تھیں۔
متوفیہ خاتون 2024 سے کرایہ نہیں دے رہیں تھیں، سی بی سی میں مالک مکان نے کیس کیا ہوا تھا، بیلف آیا تو لاش دیکھی، حمیرا اصغر نے 2022 میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے رئیلٹی شو ’تماشہ گھر‘ میں شرکت کی تھی۔