ویب ڈیسک: مظفرآباد کے قریب پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ ہیلی میں سوار تمام اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں کوئی بھی شخص زندہ نہ بچ سکا۔ ریسکیو اور ریکوری ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں ہیں۔ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم کا افسوس کا اظہار:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نےبھی مظفرآباد کے قریب پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے حادثے میں شہید ہونے والے تمام اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔