ویب ڈیسک: ایپل نے اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون ’ آئی فون ڈو‘ متعارف کرا دیا، جس کے ساتھ کمپنی نے آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس بھی پیش کیے ہیں۔
ایپل کے نئے فولڈ ایبل آئی فون کو پاسپورٹ کی طرح کھولا جاسکتا ہے، جس کے بعد اس کا ڈسپلے تقریباً دوگنا ہوجاتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ 2007 میں پہلے آئی فون کی لانچ کے بعد ڈیزائن کے حوالے سے اس کی سب سے بڑی تبدیلیوں میں سے ایک ہے۔
ایپل کے چیف ایگزیکٹو جان ٹرنس نے 9 ستمبر کو ایک تقریب میں آئی فون ڈو پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے فولڈ ایبل ڈیزائن کو بہتر بنانےکیلئے برسوں کام کیا ہے اور یہ صارفین کے لیے فولڈ ایبل فون کے استعمال کا تجربہ تبدیل کردے گا۔
آئی فون ڈو میں A20 Pro چپ، iOS 27، 5.4 انچ بیرونی اور 7.6 انچ اندرونی ڈسپلے، 12 جی بی ریم اور 5800 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔ فون میں 48 میگا پکسل مین اور الٹرا وائیڈ کیمرے جبکہ 12 میگا پکسل فرنٹ کیمرا بھی شامل ہے۔
آئی فون ڈو کی ابتدائی قیمت 1999 ڈالر (5 لاکھ 54 ہزار روپے سے زائد) مقرر کی گئی ہے اور یہ 23 اکتوبر سے مختلف ممالک میں دستیاب ہوگا۔
ایپل نے آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس بھی متعارف کرائے، جن کی ابتدائی قیمتیں بالترتیب 1199 اور 1299 ڈالر ہیں۔ کمپنی کے مطابق آئی فون 18 پرو کی بیٹری لائف 36 گھنٹے جبکہ پرو میکس کی 45 گھنٹے تک ہوگی۔
ایپل نے نئے آئی فونز کے علاوہ ایئر پوڈز، ایپل واچ سیریز 12 اور ایپل واچ الٹرا 4 بھی متعارف کرائے ہیں۔