ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لوئر دیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے تیمرگرہ میں 10 اور 11 اپریل کی رات دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر ان کے ٹھکانے کے خلاف مؤثر کارروائی کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔
بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب حفیظ اللہ عرف کوچوان بھی شامل ہے۔
صدرمملکت کا سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر خراج تحسین:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع لوئر دیر میں کامیاب آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 2 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کارروائی کے دوران ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت فتنۃ الخوارج کے 2 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔
صدر مملکت نے کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے سرغنہ کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا۔
اپنے بیان میں صدرمملکت کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے سرغنہ کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کامیاب کارروائیاں کرنا خوش آئند ہے۔
صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہارکیا۔