ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو جلد کھولنے کا دعویٰ کردیا

ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو جلد کھولنے کا دعویٰ کردیا
کیپشن: ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو جلد کھولنے کا دعویٰ کردیا

ویب ڈیسک: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے ایک مضبوط اور بااختیار وفد پاکستان روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ امریکا کی اولین ترجیح یہی ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کو جلد کھولنے کا دعویٰ بھی کیا۔

واشنگٹن میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ ایران کے ساتھ بات چیت کے لیے ایک مؤثر ٹیم پاکستان بھیجی گئی ہے اور وہ خود بھی اس عمل کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے ڈی وینس، جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف پر مشتمل امریکی وفد اسلام آباد میں ہونے والے اہم مذاکرات میں شریک ہوگا۔ ان کے مطابق یہ ایک مضبوط اور تجربہ کار ٹیم ہے جو مثبت نتائج حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا کے نزدیک کامیاب معاہدے کا مطلب یہی ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہ ہوں اور اسے کسی صورت ایسے ہتھیار بنانے کی اجازت نہ دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران میں پہلے ہی نظام کی تبدیلی آ چکی ہے، تاہم امریکا کا بنیادی مقصد یہ نہیں بلکہ اس کی زیادہ تر توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔

آبنائے ہرمز سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک عالمی سمندری گزرگاہ ہے اور ایران کو یہاں سے گزرنے والے جہازوں پر کسی قسم کی فیس لینے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس گزرگاہ کو بہت جلد مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کو اس معاملے میں کسی متبادل منصوبے کی ضرورت نہیں اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران کی فوجی طاقت کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ اس کی میزائل بنانے کی صلاحیت بھی اب کافی حد تک محدود ہو چکی ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ آج ہونے والے مذاکرات کے نتائج سے ہی آئندہ کی پیش رفت کا اندازہ ہوگا۔

Watch Live Public News