امن مذاکرات کی کوریج:حکومتِ پاکستان نے غیرملکی صحافیوں کیلئے گائیڈلائنز جاری کردیں

امن مذاکرات کی کوریج:حکومتِ پاکستان نے غیرملکی صحافیوں کیلئے گائیڈلائنز جاری کردیں
کیپشن: امن مذاکرات کی کوریج:حکومتِ پاکستان نے غیرملکی صحافیوں کیلئے گائیڈلائنز جاری کردیں

ویب ڈیسک: حکومتِ پاکستان نے اسلام آباد میں ہونے والے اہم مذاکرات کی کوریج کے لیے آنے والے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کے لیے باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزارتِ اطلاعات کے مطابق امریکی اور ایرانی صحافیوں کو اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آمد کے وقت ویزا کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ میڈیا کی نقل و حرکت، سیکیورٹی اور کوریج کے حوالے سے سخت ضابطے نافذ کیے گئے ہیں۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے بیرونی تشہیر ونگ کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کی کوریج کے دوران میڈیا نمائندگان کی نقل و حرکت صرف سرکاری شٹل سروس کے ذریعے ممکن ہوگی، جبکہ ریڈ زون میں داخلے، ویڈیو سازی اور بغیر پائلٹ فضائی کیمرے کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔

گائیڈ لائنز کے مطابق میڈیا عملے کے لیے موونپک ہوٹل سینٹورس میں اجتماع کا مقام مقرر کیا گیا ہے، جبکہ جناح کنونشن سینٹر میں مرکزی میڈیا مرکز قائم کیا گیا ہے، جہاں سے کوریج کے انتظامات کیے جائیں گے۔ تمام صحافیوں کو صرف سرکاری میڈیا کارڈ کے ذریعے ہی رسائی حاصل ہوگی۔

مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کے باعث غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کیا جائے اور معلومات کے حصول کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کیا جائے۔ غیر ملکی صحافیوں کو اپنی رہائش کا بندوبست خود کرنا ہوگا اور متعلقہ حکام کو اس کی پیشگی اطلاع دینا لازم ہوگا۔

حکام کے مطابق یہ اقدامات مذاکرات کی حساس نوعیت کے پیش نظر کیے گئے ہیں تاکہ ذرائع ابلاغ کی کوریج منظم، محفوظ اور مؤثر انداز میں جاری رہ سکے۔

Watch Live Public News