اسلام آباد میں امریکی نائب صدر اور ایرانی وفد کی ملاقات، وائٹ ہاؤس کی تصدیق

اسلام آباد میں امریکی نائب صدر اور ایرانی وفد کی ملاقات، وائٹ ہاؤس کی تصدیق
کیپشن: اسلام آباد میں امریکی نائب صدر اور ایرانی وفد کی ملاقات، وائٹ ہاؤس کی تصدیق

ویب ڈیسک: امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اسلام آباد میں ایرانی وفد سے ملاقات کی، جس کی تصدیق وائٹ ہاؤس نے بھی کر دی ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق جے ڈی وینس اور دیگر امریکی حکام نے جاری مذاکرات کے دوران ایرانی وفد کے ارکان سے ملاقات کی۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس موقع پر اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی امریکی وفد کا حصہ تھے۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے تاریخی براہِ راست مذاکرات پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ہیں۔ امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں، جنہوں نے مذاکرات سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔

دوسری جانب ایرانی وفد میں پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی شامل ہیں، جنہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے الگ ملاقات کی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ادھر ایک اور اہم پیش رفت میں امریکا میں لبنان اور اسرائیل کے سفیروں کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست سفارتی رابطے کی پہلی رپورٹ شدہ مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ تمام سرگرمیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب آئندہ ہفتے امریکا میں مزید جنگ بندی مذاکرات متوقع ہیں، جن سے خطے میں کشیدگی کم ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News