ویب ڈیسک: پاکستانی اداکارہ نمرہ خان کی ایک نئی سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد ان کی ازدواجی زندگی سے متعلق قیاس آرائیاں ایک بار پھر شروع ہوگئی ہیں۔
نمرہ خان نے انسٹاگرام اسٹوری پر ’نارسسٹ‘ افراد سے متعلق ایک پیغام شیئر کیا، جس میں کہا گیا کہ ایسے افراد شادی حقیقی رفاقت کے لیے نہیں بلکہ شریکِ حیات کو اپنے تابع رکھنے کے لیے کرتے ہیں۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کسی شخص کا نام نہیں لیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اسے ان کی ذاتی زندگی سے جوڑنا شروع کردیا۔
نمرہ خان نے جون 2026 میں اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا تھا، تاہم چند ہفتوں بعد جولائی میں ان کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ اس کے بعد اداکارہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی بعض معنی خیز پوسٹس بھی صارفین کی توجہ کا مرکز بنتی رہی ہیں۔
نئی پوسٹ کے بعد بھی سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے سامنے آئے۔ بعض صارفین نے اداکارہ کو ذاتی معاملات سوشل میڈیا پر زیرِ بحث نہ لانے کا مشورہ دیا، جبکہ کچھ نے ان کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
تاہم نمرہ خان نے اپنی حالیہ پوسٹ میں اپنی ازدواجی زندگی یا کسی مخصوص شخص سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی۔