پاکستان کاافغانستان میں ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی کا عندیہ

پاکستان کاافغانستان میں ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی کا عندیہ
کیپشن: پاکستان کاافغانستان میں ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی کا عندیہ

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی جنگجوؤں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہیں، اگر افغان طالبان نے ان کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کی تو پاکستان اپنی سلامتی کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کرنے پر مجبور ہوگا۔

عاصم افتخار کے مطابق تقریباً 6 ہزار ٹی ٹی پی دہشتگرد اس وقت افغان سرزمین پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان ایک بار پھر مختلف دہشتگرد گروہوں اور ان کے پراکسی نیٹ ورک کی پناہ گاہ بنتا جا رہا ہے اور اس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ یہ گروہ باہمی تعاون بھی کر رہے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے بتایا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز نے سرحدی دراندازی کی متعدد کوششوں کو ناکام بنایا ہے جبکہ فورسز اور عام شہریوں نے اس جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی ٹیم نے بھی ٹی ٹی پی کی افغانستان میں موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

عاصم افتخار نے خبردار کیا کہ افغانستان کی بگڑتی صورتحال کے تباہ کن اثرات نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ اب ختم ہو چکی ہے، لہٰذا افغان مہاجرین کو اپنے وطن واپس جانا چاہیے۔

Watch Live Public News