ویب ڈیسک: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران سری لنکن کرکٹر بھانوکا راجاپکسا کے ایک بیان نے کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ انہوں نے بھارتی بیٹرز کی جانب سے استعمال کیے جانے والے بلّوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے انہیں غیر معمولی قرار دیا ہے۔
کولمبو میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے آئرلینڈ کو 20 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں کامیاب آغاز کیا۔ تاہم میچ کے بعد راجاپکسا کی گفتگو نے اس فتح سے زیادہ توجہ حاصل کرلی۔
نیوز وائر سے بات کرتے ہوئے بھانوکا راجاپکسا نے دعویٰ کیا کہ بھارتی کھلاڑی ایسے بلّے استعمال کر رہے ہیں جو انہیں دیگر ٹیموں پر سبقت دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی بیٹرز کے بلّے معیار کے اعتبار سے ان بہترین بلّوں سے بھی مختلف اور بہتر محسوس ہوتے ہیں جو دیگر ٹیموں کو دستیاب ہیں۔
“Indian players have bats that are far superior to the best bats we get. It feels as though a layer of rubber has been applied. I can’t imagine how that’s possible. These bats can’t even be bought by others — all players know this,” Bhanuka Rajapaksa said in an interview,… pic.twitter.com/RWaJGbaQ7F
— NewsWire ???????? (@NewsWireLK) February 9, 2026
راجاپکسا کے مطابق ان بلّوں سے گیند غیر معمولی رفتار اور طاقت کے ساتھ نکلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے جیسے بلّے پر کسی قسم کی اضافی تہہ موجود ہو، تاہم وہ اس بات کی تصدیق نہیں کرسکتے کہ ایسا کیوں اور کیسے ممکن ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے بلّے عام کھلاڑیوں کے لیے خریدنا بھی آسان نہیں۔
سری لنکن کرکٹر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کرکٹ حلقوں میں اس موضوع پر غیر رسمی گفتگو ہوتی رہی ہے، لیکن کھل کر بات نہیں کی گئی۔ واضح رہے کہ بھانوکا راجاپکسا اس وقت سری لنکا کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں، اس کے باوجود ان کے بیان نے سوشل میڈیا پر بحث کو جنم دے دیا ہے۔
تاحال بھارتی ٹیم یا آئی سی سی کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ان دعوؤں کو سنجیدگی سے لیا گیا تو متعلقہ حکام کی جانب سے وضاحت یا تحقیقات بھی سامنے آسکتی ہیں۔