ورلڈکپ کا دلچسپ ترین ٹاکرا:ساؤتھ افریقہ کی افغانستان کو ڈبل سپراوور میں شکست

ورلڈکپ کا دلچسپ ترین ٹاکرا:ساؤتھ افریقہ کی افغانستان کو ڈبل سپراوور میں شکست
کیپشن: ورلڈکپ کا دلچسپ ترین ٹاکرا:ساؤتھ افریقہ کی افغانستان کو ڈبل سپراوور میں شکست

ویب ڈیسک: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا گیا گروپ ڈی کا میچ شائقینِ کرکٹ کے لیے یادگار بن گیا، جہاں مقابلے کا فیصلہ ایک نہیں بلکہ ڈبل سپر اوور کے ذریعے ہوا۔

بھارت کے شہر احمد آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ایڈم مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم مارکرم 12 کے مجموعے پر فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ابتدائی وکٹ گرنے کے بعد ڈی کوک اور ریان رکلٹن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم کیا۔ دونوں بیٹرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور ایک ہی اوور میں اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ رکلٹن 61 اور ڈی کوک 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیوالڈ بریوس نے 23 جبکہ ڈیوڈ ملر نے 20 رنز اسکور کیے۔ افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے تین اور راشد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے اننگز کا آغاز کیا۔ گرباز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے۔ ایک موقع پر افغانستان مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہا تھا، تاہم صرف 13 گیندوں کے دوران پانچ کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے سے میچ کا پانسہ پلٹ گیا اور پوری ٹیم 20ویں اوور میں 187 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ عظمت اللہ عمرزئی نے 22 اور راشد خان نے 20 رنز اسکور کیے، جبکہ جنوبی افریقا کے لنگی نگیڈی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

میچ برابر ہونے پر سپر اوور کا سہارا لیا گیا۔ پہلے سپر اوور میں افغانستان نے 17 رنز بنائے، جس کے جواب میں جنوبی افریقا نے بھی 17 رنز اسکور کر کے مقابلہ برابر کردیا۔

فیصلہ کن دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 24 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم 19 رنز تک محدود رہی اور یوں جنوبی افریقا نے سنسنی خیز مقابلے میں 4 رنز سےکامیابی سمیٹ لی۔

واضح رہے کہ افغانستان کو اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ جنوبی افریقا نے کینیڈا کو 57 رنز سے ہرایا تھا۔

Watch Live Public News