اسلام آباد گیس لیکج دھماکے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

اسلام آباد گیس لیکج دھماکے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی
کیپشن: اسلام آباد گیس لیکج دھماکے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

ویب ڈیسک: اسلام آباد گیس لیکج دھماکے کا معاملہ، کیپیٹل ایمرجنسی سروس نے واقع کی ابتدائی رپورٹ مکمل کرلی۔ ولیمے کا دن دلہن اور دلہے کی زندگی کا آخری دن بن گیا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق سی ڈی اے کے ملازم شیری کی گزشتہ روز بارات تھی۔ گزشتہ روز دولہا شیری بارات لیکر گجرات گیا۔ رات کو ڈیڑھ بجے بارات واپس پہنچی۔ شادی والا گھر اور سردی ہونے کی وجہ سے رات گئے تک گھر میں ہیٹر جلتا رہا۔ رات گئے گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہیٹر بند ہوگیا۔ تنگ و تاریک گلیاں و گھر ہونے کی وجہ سے گیس لیکج گھر میں بھر گئی۔ صبح سویرے ناشتے کے لیے خواتین اٹھیں اور دیا سلائی جلاتے ہی دھماکہ ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق کیپیٹل ایمرجنسی سروس کو پہلی کال صبح 7بجکر 24 منٹ پر موصول ہوئی۔

دوسری جانب، مرنے والے دلہا شیری کے والد حنیف مطیع نے بتایا کہ بیٹے کی شادی تھی، رات بارات لے کر آئے تھے۔ میں گھر پر ہی تھا ساتھ کمرہ بنایا ہوا ہے وہاں سو رہا تھا۔ دھماکے کی آواز سے اٹھا اور چھت پھلانگ کر آیا تو آگے سب ختم تھا۔

حنیف مطیع نے مزید کہا کہ حادثے میں میرے بیٹے ، بہو، اہلیہ اور بڑی بھابھی کی موت ہوئی ہے۔ میری بیٹی اور دیگر خاندان کے لوگ ہسپتال میں ہیں

واضح رہے کہ گیس لیکج دھماکے میں دلہا شیری اور دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

Watch Live Public News