شبلی فراز کے دل میں “مسلز بریج”،اوپن ہارٹ سرجری زیر غور

شبلی فراز کے دل میں “مسلز بریج”،اوپن ہارٹ سرجری زیر غور
کیپشن: شبلی فراز کے دل میں “مسلز بریج”،اوپن ہارٹ سرجری زیر غور

ویب ڈیسک: سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز کو دل کی تکلیف کے باعث پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہسپتال ذرائع کا کہناہےکہ ڈاکٹرز ان کی اوپن ہارٹ سرجری پر غور کر رہے ہیں۔ شبلی فراز کی دل کی مین شریانوں میں سے ایک میں “مسلز بریج” پایا گیا ہے جو کہ ہزاروں میں سے کسی ایک مریض کو لاحق ہوتا ہے۔ یہی رکاوٹ ہارٹ اٹیک کا باعث بن سکتی ہے۔

ہسپتال ذرائع کا کہناہےکہ شبلی فراز کی عمر 67 سال ہے اور وہ گزشتہ سات برس سے دل کے مرض میں مبتلا ہیں،اس سے قبل اسلام آباد میں تین بار انجیوگرافی کروا چکے ہیں۔شبلی کو بلڈ پریشر کی شکایت بھی رہتی ہے اور بسا اوقات دل میں درد محسوس ہوتا ہے۔ہسپتال کی 10 ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم ان کے علاج میں مصروف ہے۔ ڈاکٹرز کچھ اہم ٹیسٹوں کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں، جس کے بعد سرجری کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
  شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دل کی بیماری کافی عرصے سے لاحق ہے لیکن وہ احتیاط نہیں کر رہے تھے،انہوں نے اعتراف کیا کہ ادویات بھی باقاعدگی سے نہیں لیں اور معمولی ذہنی دباؤ بھی تھا،اب آئندہ احتیاط کروں گا اور تمام بیماریوں کو سنجیدگی سے لوں گا۔انہوں نے قوم سے صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی ہے۔

Watch Live Public News