ویب ڈیسک: امیر بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ پولیس حراست میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق طیفی بٹ کو امیر بالاج قتل کیس میں تفتیش کے لئے دبئی سے گرفتار کر کے پنجاب پولیس پاکستان لیکر آئی۔ طیفی بٹ کو تفتیش کیلئے لاہور لایا جا رہا تھا کہ اسی دوران اس کے دو ساتھیوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں طیفی بٹ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
فائرنگ کے بعد حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے نعش تحویل میں لے لی ہے اور ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے۔ واقعہ آج صبح رحیم یار خان کے نواحی علاقے احمدپور لمہ روڈ پر پیش آیا جہاں طیفی بٹ پولیس حراست میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔
واضح رہے کہ طیفی بٹ کا اصل نام خواجہ تعریف گلشن تھا اسکا تعلق لاہور کے معروف گینگ نیٹ ورک سے تھا۔ طیفی بٹ گزشتہ کئی سالوں سے سنگین جرائم، قبضہ مافیا، بھتہ خوری اور اسلحہ رکھنے کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ طیفی بٹ کی ہلاکت کو پنجاب میں سرگرم مافیا نیٹ ورکس کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔