ویب ڈیسک: سندھ حکومت نے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اساتذہ اور نان ٹیچنگ (غیر تدریسی) عملے کو اگلے گریڈ میں ترقی دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے بھر کے تمام ریجنل دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 اکتوبر تک اپنے اپنے علاقوں کے اہل اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی سینئرٹی لسٹیں تیار کر کے جمع کرائیں۔
یہ فہرستیں بعد میں ڈویژنل ڈائریکٹرز کو بھجوائی جائیں گی، جو حتمی لسٹ تیار کر کے اسے محکمہ تعلیم کو ارسال کریں گے۔
ترقی کے اس عمل میں ہائی اسکول اساتذہ، سبجیکٹ اسپیشلسٹ اور دیگر نان ٹیچنگ اسٹاف شامل ہوں گے جو محکمہ تعلیم کے ماتحت خدمات انجام دے رہے ہیں۔
محکمہ کے مطابق، جیسے ہی سینئرٹی لسٹیں حتمی ہو جائیں گی، ایک ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی ( DPC) کا اجلاس طلب کیا جائے گا، جس کی صدارت سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کریں گے۔
کمیٹی کے تمام ارکان اساتذہ اور عملے کے ترقی کے کیسز کا جائزہ لے کر منظوری دیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عرصہ دراز سے رکی ہوئی ترقیوں کے عمل کو تیز کرنا اور سندھ بھر کے اساتذہ و تعلیمی ملازمین کو ان کے حق کے مطابق کیریئر میں ترقی فراہم کرنا ہے۔