ویب ڈیسک: عراقی ایئر فورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محند غالب محمد راضی الاسدی کی ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد آمد، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات، ملاقات میں دو طرفہ تعاون، مشترکہ مشقوں اور استعداد کار بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عراق کے تاریخی و مذہبی رشتے گہرے تعلقات کی بنیاد ہیں، پاکستان ایئر فورس نے عراقی فضائیہ کو تربیت کے شعبے میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی۔
عراقی کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی تعریف کی، عراقی ایئر فورس نے پی اے ایف کے ماڈرن ٹریننگ سسٹم سے استفادہ کی خواہش ظاہر کی۔
نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے دورے پر عراقی وفد نے متاثر کن قرار دیا، عراقی کمانڈر نے پی اے ایف سائبر کمانڈ اور نیشنل آئی ایس آر سینٹر کا بھی دورہ کیا۔
پاکستان اور عراق نے فضائی افواج کے مابین تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔