ویب ڈیسک: بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر مزار قائد پر اعلیٰ سرکاری حکام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد حاضری دے کر بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ بیرسٹری مکمل کرنے کے بعد انہوں نے عملی سیاست کا آغاز کیا اور برصغیر کے مسلمانوں کے سیاسی حقوق کے لیے جدوجہد کی۔
انہوں نے 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے مطالبے کی قیادت کی۔ ان کی مدبرانہ اور آئینی جدوجہد کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔
قیام پاکستان کے بعد قائداعظم ملک کے پہلے گورنر جنرل بنے۔ تاہم علالت کے باعث وہ زیادہ عرصہ قوم کی قیادت نہ کرسکے اور 11 ستمبر 1948 کو انتقال کرگئے۔
قائداعظم کی برسی کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں قوم ان کی خدمات اور پاکستان کے قیام کے لیے ان کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔