(ویب ڈیسک ) محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں 13 سے 15 اگست کے دوران مزید تیز بارشوں اور گرج چمک کی پیشگوئی کر دی گئی ہے۔
طاقتور موسمیاتی نظام کے زیرِ اثر نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے سنگین خطرات کے پیش نظر حفاظتی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں اور ایک مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ اس نظام کے زیرِ اثر 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب (بشمول لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ) میں وقفے وقفے سے تیز بارش متوقع ہے جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار میں 13 اگست کی شام یا رات سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسی دوران بلوچستان کے علاقوں ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل سمیت سرگودھا، فیصل آباد اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ سندھ کے جنوب مشرقی اضلاع (تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ) اور ساحلی علاقوں میں 12 اور 13 اگست کو بارش متوقع ہے، جبکہ صوبے کے دیگر حصوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔