(ویب ڈیسک ) بلوچستان کے ضلع سوراب میں بارودی مواد سے بھری گاڑی تیار کرنے کے دوران دھماکا ہوگیا،جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع سوراب میں دہشت گردوں کی جانب سے تیار کی جانے والی بارودی گاڑیوں قبل از وقت پھٹ گئی،جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔دھماکا خیز مواد کے پھٹنے سے 3 قریبی شہری بھی جاں بحق ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگا لیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مختلف واقعات میں فتنۃ الہندوستان کےمجموعی طور پر 18 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے 2 بہادر جوان بھی زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے،عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری ہے، غیر ملکی سپانسرڈ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔