نیا سائبر حملہ، یو اے ای کے بینک صارفین ہوجائیں ہوشیار!

نیا سائبر حملہ، یو اے ای کے بینک صارفین ہوجائیں ہوشیار!

ویب ڈیسک:متحدہ عرب امارات کے معروف بینک ایمریٹس این بی ڈی نے صارفین کو ایک نئے اور خطرناک سائبر حملے سے خبردار کیا ہے، جسے ’ واٹس ایپ زیرو ڈے وائس کال‘ اٹیک کہا جا رہا ہے، اس حملے کے ذریعے ہیکرز صرف ایک واٹس ایپ وائس کال کے ذریعے موبائل فون کو ہیک کر سکتے ہیں۔

بینک کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق اس حملے میں ہیکرز واٹس ایپ کے سسٹم میں موجود ایک نامعلوم سکیورٹی خامی (Zero-Day Vulnerability) کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

خطرناک بات یہ ہے کہ اس میں صارف کو کال اٹھانے یا کسی لنک پر کلک کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی، صرف ایک کال آنا ہی فون کو ہیک کرنے کے لیے کافی ہے۔

سکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ حملہ خاص طور پر تہواروں اور چھٹیوں کے دوران کیا جا رہا ہے، کیونکہ اس دوران لوگ بڑی تعداد میں مبارکباد اور سفر سے متعلق کالز اور پیغامات وصول کرتے ہیں، یہی صورتحال ہیکرز کے لیے اپنے حملے چھپانے کا آسان ذریعہ بن جاتی ہے۔

زیرو ڈے حملہ کیا ہوتا ہے؟
زیرو ڈے خطرہ ایسی سکیورٹی خامی کو کہا جاتا ہے جس کے بارے میں ایپ بنانے والی کمپنی کو حملے کے وقت تک علم نہیں ہوتا، اس معاملے میں ہیکرز واٹس ایپ کی کالنگ فیچر کو استعمال کر کے صارف کے فون تک غیر قانونی رسائی حاصل کر لیتے ہیں۔

یو اے ای سائبر سکیورٹی کونسل کے مطابق ایسے حملوں کے نتیجے میں صارف کی ذاتی تصاویر، نجی چیٹس، بینک اکاؤنٹس اور دیگر حساس معلومات ہیکرز کے ہاتھ لگ سکتی ہیں۔

اپنے موبائل اور ڈیٹا کو کیسے محفوظ رکھیں؟
ایمریٹس این بی ڈی نے صارفین کو اپنے فون کا فوراً سافٹ ویئر اپڈیٹ کرنے کا مشورہ دیا ہے، واٹس ایپ اور موبائل فون (اینڈرائیڈ یا آئی او ایس) کو ہمیشہ تازہ ترین ورژن پر اپڈیٹ رکھیں تاکہ سکیورٹی خامیاں ختم کی جا سکیں۔

ٹو اسٹیپ ویریفکیشن آن کریں
واٹس ایپ میں لازمی PIN سیٹ کریں تاکہ کوئی دوسرا شخص آپ کا اکاؤنٹ کسی اور فون میں استعمال نہ کر سکے۔
نامعلوم کالز سے ہوشیار رہیں
واٹس ایپ کی پرائیویسی سیٹنگ میں جا کر نامعلوم نمبرز کی کالز کو سائلنٹ کر دیں۔
بینکنگ کے لیے صرف آفیشل ذرائع استعمال کریں
کسی کو بھی OTP، PIN یا لاگ اِن تفصیلات شیئر نہ کریں، اور صرف بینک کی آفیشل ایپ یا ویب سائٹ استعمال کریں۔
مشکوک لنکس پر کلک نہ کریں
غلط اسپیلنگ، اضافی حروف یا عجیب ڈومینز (.xyz، .kom وغیرہ) والے لنکس سے پرہیز کریں، یہ اکثر وائرس پھیلانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
مشکوک سرگرمی فوراً رپورٹ کریں
اگر آپ کو شک ہو کہ آپ کا اکاؤنٹ متاثر ہو چکا ہے تو فوراً ایمریٹس این بی ڈی سے رابطہ کریں یا متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔
ایمریٹس این بی ڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آن لائن سکیورٹی کو سنجیدگی سے لیں اور ذرا سی لاپرواہی بڑے مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔

Watch Live Public News