(ویب ڈیسک ) معروف میسجنگ پلیٹ ایپ واٹس ایپ نے 13 سال سے کم عمر بچوں کے آن لائن تحفظ کو بہتر بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔اس فیچر کو “پیرنٹ منیج اکاؤنٹ” کا نام دیا گیا ہے، جس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کے اکاؤنٹس کو آسانی سے کنٹرول کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس خصوصی اکاؤنٹ میں بچوں کو صرف میسجنگ اور کالنگ کی سہولت دستیاب ہوگی، جبکہ دیگر فیچرز تک رسائی محدود رکھی جائے گی تاکہ کم عمر صارفین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس فیچر میں ڈیفالٹ طور پر سخت پرائیویسی سیٹنگز لاگو ہوں گی اور والدین کو مختلف کنٹرولز حاصل ہوں گے۔ مثال کے طور پر والدین یہ طے کر سکیں گے کہ کون لوگ بچوں سے رابطہ کر سکتے ہیں، وہ کن گروپس میں شامل ہو سکتے ہیں اور ان کی پرائیویسی سیٹنگز کیسے ہوں گی۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ بچوں کی گفتگو کو بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا۔ تاہم بچوں کے اکاؤنٹس میں میٹا اے آئی، چینلز اور اسٹیٹس جیسے فیچرز دستیاب نہیں ہوں گے۔
اس سسٹم کو استعمال کرنے کے لیے والدین اور بچے دونوں کے موبائل فون درکار ہوں گے۔ دونوں اکاؤنٹس کو کیو آر کوڈ کے ذریعے آپس میں لنک کیا جائے گا، جس کے بعد والدین بچوں کے اکاؤنٹ پر مکمل نگرانی اور کنٹرول رکھ سکیں گے۔
جب بچہ 13 سال کی عمر سے تجاوز کر جائے گا تو والدین کو نوٹیفکیشن موصول ہوگا، جس کے بعد وہ چاہیں تو اس اکاؤنٹ کو عام اکاؤنٹ میں تبدیل کر سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر آئندہ چند ماہ میں تمام صارفین کے لیے مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا۔