آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی، آئی پی پی نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد تشکر جمع کرادی

آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی، آئی پی پی نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد تشکر جمع کرادی
کیپشن: آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی، آئی پی پی نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد تشکر جمع کرادی

ویب ڈیسک: پاک فضائیہ اور افواج پاکستان کو "آپریشن بنیان مرصوص "پرخراج تحسین کی پنجاب اسمبلی میں گونج،،، استحکام پاکستان پارٹی کے ایم پی اے شعیب صدیقی نے پنجاب اسمبلی میں " قرارداد تشکر" جمع کرا دی۔

تفصیلات کے مطابق قرارداد میں قوم کی جانب سے وزیر اعظم اورسپہ سالار پاک فوج حافظ عاصم منیرکو فتح پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ حکومت اور وزراء کو کامیاب سفارت کاری, عسکری اداروں کو بہترین جنگی حکمت عملی پر بھی داد دی  گئی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاک فضائیہ اور پاکستانی فوج نے بھارتی فوج کے خلاف ہر محاذ پر کامیابی حاصل کی ہے۔ دشمن کی عددی برتری کے باوجود آپریشن '' بنیان مرصوص'' کی کامیابی پر سجدۂ شکر بجا لاتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کا ایوان افواج پاکستان کی بے مثال بہادری اور قوم کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہے۔ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان پاکستانی شاہینوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا بھی مکمل اعتراف کرتا ہے۔ بھارتی ائیر ڈیفنس سسٹم ناکارہ بنانا،رافیل طیارے، ائیر بیسز اور اسلحہ ڈپوز تباہ کرنا عظیم کارنامہ ہے۔

شعیب صدیقی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی دلیرانہ و قائدانہ صلاحیتوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ قرار داد میں آپریشن ” بنیان مرصوص“ کی کامیابی پر ہر سال 11 مئی بطور یوم تشکر منانے کا مطالبہ کیا گیا۔ 

شعیب صدیق نے اپنے بیان میں کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی وطن کی محبت میں سرشار ہے، ہر فتح قوم کے لئے عید کا پیغام ہے۔ صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان اور دیگر رہنماء پاک فوج کے جذبہ جہاد کو سلام پیش کرتے ہیں۔استحکام پاکستان پارٹی قوم کو اس بے مثال کامیابی پر مبارکباد پیش کرتی۔

Watch Live Public News