ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف کی جاتی امرا آمد، اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک افغان سرحدی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف اور نواز شریف نے پارٹی امور اور حکومتی پالیسیوں پر مشاورت کی۔ وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ کو حالیہ حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے شہباز شریف کو قومی معاملات پر رہنمائی فراہم کی، دونوں رہنماؤں نے قومی استحکام اور عوامی ریلیف کے عزم کا اظہار کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افغانستان کی اشتعال انگیزی کے جواب میں پاکستان کی جانب سے بھرپور اور مؤثر کارروائی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بے باک قیادت میں پاک فوج نے افغانستان کی اشتعال انگیزی کا نہ صرف بھرپور جواب دیا بلکہ ان کی متعدد پوسٹس کو تباہ کرکے، ان کو پسپائی پر مجبور کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا اور ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ہم ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں۔