(ویب ڈیسک ) اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نےاولمپیئن ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ پر تاحیات پابندی لگادی جبکہ سید حبیب شاہ پر بھی دس سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
اے ایف پی کا کہنا ہے کہ سلمان بٹ اور حبیب شاہ پر پابندی پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے غیر قانونی انتخابات کروانے پرلگائی گئی۔
اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے انتخابات کو بھی کالعدم قرار دے دیا ۔پنجاب اتھلیٹکس کے انتخابات کا طریقہ کار اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی تھی۔
اےایف پی نے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔ سلمان بٹ اور حبیب شاہ انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے ۔
کمیٹی نے آئین کی خلاف ورزی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی پاداش میں سلمان بٹ پر تاحیات جبکہ حبیب شاہ پر دس سال کی پابندی عائد کی۔ سلمان بٹ اتھلیٹکس کے حوالے سے کسی قسم کی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔
فیڈریشن نے تمام ملحقہ یونٹس اور اداروں کو بھی پابندی کے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔