ایمازون اگلے سال پاکستان میں سیٹلائٹ براڈبینڈ سروس متعارف کرانے کا اعلان 

ایمازون اگلے سال پاکستان میں سیٹلائٹ براڈبینڈ سروس متعارف کرانے کا اعلان 

(ویب ڈیسک ) ایمازون نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2026 کے آخر تک پاکستان میں اپنی سیٹلائٹ براڈبینڈ سروسز کا آغاز کرے گا۔ یہ خدمات اس کے منصوبے پروجیکٹ کوئپر کے تحت فراہم کی جائیں گی، جس کا مقصد تیز رفتار انٹرنیٹ کو دنیا کے دور دراز علاقوں تک پہنچانا ہے۔

وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن کے مطابق، وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ اور ایمازون کے پروجیکٹ کوئپر وفد کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں اس منصوبے کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ پیشرفت پاکستان کے ڈیجیٹل شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

پروجیکٹ کوئپر زمین کے نچلے مدار میں 3,236 سیٹلائٹس کی مدد سے براڈبینڈ سروس فراہم کرے گا، جو 400 ایم بی پی ایس تک کی رفتار رکھنے والے کم لاگت والے ٹرمینلز کے ذریعے کام کرے گا۔ خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کے برابر ہے، یہ سروس انتہائی مفید ثابت ہوگی۔

وفاقی وزیر شزا فاطمہ نے ایمازون کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دے گا اور ملک کے کنیکٹیویٹی ایکو سسٹم کو مزید مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سرمایہ کاری حکومت کے وژن کے عین مطابق ہے، جو ہر پاکستانی شہری کو بلاتعطل، محفوظ اور سستی انٹرنیٹ سروس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

Watch Live Public News