ویب ڈیسک: بلوچستان کے ضلع سوراب میں دہشتگردی کی غرض سے گاڑی میں بارودی مواد نصب کرنے کے دوران دھماکے سے 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ 3 شہری شہید ہوگئے۔
مسلح افواج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سوراب میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کی جانب سے گاڑی میں دھماکا خیز مواد نصب کرنے کے دوران زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ دھماکے کے بعد وہاں موجود دیگر بارودی مواد کے پھٹنے سے ہونے والے مزید دھماکوں کے باعث قریبی علاقے میں موجود تین شہری شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوری ردعمل کے طور پر سکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کا سراغ لگانے کیلیے مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا، سکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا بروقت پتا لگایا اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ ان واقعات میں اب تک فتنہ الہندوستان سے وابستہ 18 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے، علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلیے انسداد دہشتگردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔