پنجاب حکومت نے ٹرانسپورٹرز کی سنی لی، مریم نواز نے اہم اعلان کردیا

پنجاب حکومت نے ٹرانسپورٹرز کی سنی لی، مریم نواز نے اہم اعلان کردیا

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا ٹرانسپورٹرز کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو ٹرانسپورٹ کے شعبے کی ترقی کے لیے انتہائی مثبت قرار دیا اور مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

ایک مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ ٹرانسپورٹ کی صنعت کی بہتری اور موجودہ مسائل کے حل کے لیے 4 کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ اور پنجاب کے وزیرِ ٹرانسپورٹ بلال اکبر کو اس منصوبے کے لیے مرکزی کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں 4 مستقل کمیٹیاں قائم کرنے کے ساتھ ہڑتال کے خاتمے کا باضابطہ اعلان بھی کیا گیا۔

قائم کردہ کمیٹیوں میں گڈز ٹرانسپورٹ کمیٹی، منی مزدا ٹرانسپورٹ کمیٹی، پبلک ٹرانسپورٹ کمیٹی اور اسٹاف ڈیوٹی وہیکل کمیٹی شامل ہیں۔

یہ کمیٹیاں ٹرانسپورٹرز کی سفارشات مرتب کریں گی اور پھر انہیں سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے سامنے پیش کریں گی۔

آئندہ بدھ کو ٹرانسپورٹرز اور حکومتی نمائندگان مشترکہ پریس کانفرنس میں حتمی تجاویز پیش کریں گے۔

ان چاروں کمیٹیوں کا کام مستقل بنیادوں پر ٹرانسپورٹ سے متعلق مسائل کی نگرانی کرنا اور سفارشات پر عمل درآمد کی جانچ کرنا ہوگا۔

Watch Live Public News