ویب ڈیسک: وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جس ڈاکٹر سے بھی اپنی آنکھوں کا معائنہ کرانا چاہیں، حکومت اس کی سہولت فراہم کرے گی۔
اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے اپنی رپورٹ میں یہ نہیں کہا کہ شکایت کے باوجود بانی پی ٹی آئی کا علاج نہیں کرایا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت طبی معائنے کے معاملے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالے گی اور عمران خان کو مطلوبہ ڈاکٹر سے آنکھوں کا چیک اپ کرانے کی اجازت دی جائے گی۔
دوسری جانب سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجا ناصر عباس نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کی آنکھ میں تکلیف کی شکایت کے باوجود جیل سپرنٹنڈنٹ اور متعلقہ حکام نے توجہ نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت طبی سہولت فراہم نہ کرنا مجرمانہ غفلت کے زمرے میں آتا ہے۔
یاد رہے کہ اڈیالا جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کو دستیاب سہولیات سے متعلق رپورٹ میں عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی کم ہو کر صرف 15 فیصد رہ گئی ہے۔