(ویب ڈیسک) برطانوی ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز حکومت کی جانب سے فلسطین ایکشن کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ اس وقت کی ہوم سیکرٹری یویٹ کوپر ( Yvette Cooper) کا فیصلہ غیر متناسب تھا۔ تاہم جج وکٹوریہ نے حکم دیا کہ حکومتی اپیل تک پابندی برقرار رہے گی۔
عدالت کے فیصلے کے بعد تقریباً 3 ہزار افراد کی گرفتاریوں پر سوالات اٹھ گئے ہیں، جنہیں فلسطین ایکشن کی حمایت میں مظاہروں کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔
گروپ کی شریک بانی ہدا عموری ( Huda Ammori) نے اس پابندی کے خلاف قانونی چیلنج دائر کیا تھا۔
خیال رہے کہ فلسطین ایکشن 2020 میں قائم ہوا تھا اور اس کا مقصد اسرائیلی حکومت سے منسلک اسلحہ ساز کمپنیوں کی سرگرمیوں میں خلل ڈالنا ہے۔ گروپ نے اسرائیل کی بڑی اسلحہ ساز کمپنی Elbit Systems سمیت دیگر اداروں کے خلاف مختلف احتجاجی کارروائیاں کیں۔
پولیس نے اعلان کیا ہے کہ فی الحال فلسطین ایکشن کی حمایت میں مزید گرفتاریاں نہیں کی جائیں گی، تاہم شواہد جمع کرنے کا عمل جاری رہے گا۔