(ویب ڈیسک ) ہینلے اینڈ پارٹنرز نے جنوری سے جون 2026 کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کردی ہے۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے، جس کے حامل افراد 192 ممالک میں بغیر ویزا سفر کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔
فہرست میں دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا رہے، جن کے پاسپورٹس پر 188 ممالک میں ویزا فری رسائی ممکن ہے۔ تیسرے نمبر پر ڈنمارک، لکسمبرگ، سویڈن، اسپین اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں، جہاں کے شہری 186 ممالک میں بغیر ویزا داخل ہوسکتے ہیں۔
چوتھے نمبر پر آسٹریا، بیلجیئم، آئرلینڈ، اٹلی، فرانس، جرمنی، ناروے، فن لینڈ، یونان اور نیدرلینڈز کے پاسپورٹس رہے، جنہیں 185 ممالک میں ویزا فری داخلے کی سہولت حاصل ہے۔ پانچویں نمبر پر ہنگری، پرتگال، سلواکیہ، سلوانیا اور متحدہ عرب امارات رہے، جن کے پاسپورٹس 184 ممالک تک رسائی دیتے ہیں۔
دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست:
کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پاکستان کو مجموعی طور پر 98 واں نمبر دیا گیا ہے، جہاں پاکستانی شہری صرف 31 ممالک میں بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں۔ پاکستان اس فہرست میں یمن کے ساتھ مشترکہ طور پر موجود ہے، جبکہ عراق 99 ویں، شام 100 ویں اور افغانستان سب سے آخر میں 101 ویں نمبر پر رہا۔
پاکستان سے ایک درجہ اوپر صومالیہ 97 ویں نمبر پر رہا، نیپال 96 ویں جبکہ بنگلا دیش 84 ویں نمبر پر موجود ہے۔ بھارت کو 80 واں، چین کو 59 واں، ایران کو 92 واں اور سعودی عرب کو 54 واں نمبر دیا گیا ہے۔