ویب ڈیسک: دنیا بھر میں کشمیری آج یوم شہدائے کشمیر منارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اس دن کی مناسبت سے دنیا بھر میں مقیم کشمیری ریلیاں، جلسے، جلوس اور تقریبات منعقد کر رہے ہیں جن میں تحریکِ آزادی کشمیر کے ان بائیس عظیم شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
13 جولائی 1931ء تحریک آزادی کشمیر کا وہ تاریخی سنگِ میل ہے جب عبدالقدیر نامی کشمیری کے مقدمے کی سماعت جیل میں جاری تھی، جیل کے باہر ہزاروں کشمیری جمع تھے، وقتِ ظہر آیا، ایک نوجوان نے اذان شروع کی، ڈوگرہ فوج نے گولی مار دی، پھر دوسرا، تیسرا، چوتھا یکے بعد دیگرے 22 جوان شہید کر دیئے گئے، مگر اذان مکمل ہوئی اور تاریخ گواہ بن گئی کہ یہ قربانی کشمیر کی آزادی کی بنیاد ہے۔
کشمیری عوام ہر سال اس دن کو یومِ شہداء کشمیر کے طور پر مناتے ہیں، سات دہائیوں سے زائد عرصہ سے وہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جدوجہد میں مصروف ہیں، اور قربانیوں کی لازوال داستان رقم کر رہے ہیں۔
بھارت نے آج بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کو ظلم و جبر کی آماجگاہ بنا رکھا ہے، گزشتہ تین دہائیوں میں 96 ہزار سے زائد کشمیری شہید کئے جا چکے ہیں، دو لاکھ سے زائد بچے یتیم ہو چکے ہیں، اور ہزاروں کشمیری بھارت کی بدنامِ زمانہ جیلوں میں قید ہیں۔
صدرمملکت آصف علی زرداری
صدرِ مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے بھی یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغامات میں ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ 22 عظیم کشمیریوں نے ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کر کے تاریخ رقم کی، پاکستان ان کی بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یومِ شہداء کشمیر ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو کشمیری عوام نے حقِ خودارادیت کے لیے دی ہیں اور دے رہے ہیں، حکومت پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم شہداء کشمیر پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ13 جولائی 1931 کے 22 شہداء سمیت ہر کشمیری شہید کو سلام جو ظلم کے خلاف حق کی صدا بنے، کشمیر کے شہداء نے 1931 میں ڈوگرہ راج کو للکارا آج بھارتی قابض فوج انہی مظالم کی داستان دہرا رہی ہے،ڈوگرہ راج ہو یا آج کی ظالم بھارتی فوج کشمیریوں کے حوصلے کو کبھی شکست نہیں دے سکے، کشمیر کے شہداء کی قربانیان بتاتی ہیں کہ زنجیریں کبھی حوصلے کو قید نہیں کر سکتیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ کشمیری شہدا کی قربانیوں نے دنیا کو بتا دیا کہ کوئی جبر، کوئی طاقت اُنکو غلام نہیں رکھ سکتی،پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں ہر اُس تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھتے ہیں، انکے دُکھ کو اپنا دُکھ سمجھتے ہیں،پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں اُن کے ساتھ کھڑا ہے۔