(ویب ڈیسک ) محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے ملک میں داخل ہونے والی مرطوب ہواؤں کے سبب کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ہے، کراچی میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ آج، منگل اور بدھ کو کراچی میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کم سے کم درجہ حرارت 28 سے 30 جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد جبکہ شام کے وقت 55 سے 65 فیصد رہےگا۔ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں ۔ سسٹم کے زیر اثر سندھ کےبیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دادو، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، شکارپور، کشمور، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، شہید بے نظیر آباد اور سانگھڑ کے اضلاع میں آندھی، اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ سندھ کےساحلی علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود رہنے اور کبھی کبھار تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں کہیں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔