پیٹرول پر لیوی میں کمی، ڈیزل پر اضافہ، حکومت کا نیا نوٹیفکیشن جاری

پیٹرول پر لیوی میں کمی، ڈیزل پر اضافہ، حکومت کا نیا نوٹیفکیشن جاری
کیپشن: پیٹرول پر لیوی میں کمی، ڈیزل پر اضافہ، حکومت کا نیا نوٹیفکیشن جاری

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (PDL) کی شرحوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول پر لیوی کم جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی بڑھا دی ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 8 روپے 67 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 44 روپے 59 پیسے سے بڑھ کر 53 روپے 26 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

دوسری جانب حکومت نے پیٹرول صارفین کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول پر لیوی میں 9 روپے 84 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے، جس کے بعد پیٹرول پر لیوی 116 روپے 08 پیسے سے کم ہو کر 106 روپے 24 پیسے فی لیٹر رہ گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دیگر پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کی شرحیں برقرار رکھی گئی ہیں۔ ہائی اوکٹین پر سب سے زیادہ 305 روپے 37 پیسے فی لیٹر لیوی برقرار ہے، جبکہ فرنس آئل پر لیوی 77 روپے فی لیٹر مقرر ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل پر 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر لیوی برقرار رکھی گئی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق ڈیزل پر لیوی میں اضافے کے اثرات ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے پر پڑ سکتے ہیں، جس سے مال برداری کے اخراجات میں اضافہ متوقع ہے۔ تاہم پیٹرول پر لیوی میں کمی سے موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑی استعمال کرنے والے صارفین کو کسی حد تک ریلیف ملے گا۔

Watch Live Public News